شہری کو پرانی تاریخوں میں مقدمات میں نامزد کرنے کا الزام
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) سسرال کے لین دین کے تنازع پر تھانہ ساہوکا کے محرر کی جانب سے مبینہ طور پر اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ایک شہری کو ڈکیتی کے دو اور زرِ سرقہ کے ایک مقدمے میں پرانی تاریخوں پر نامزد کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق طارق شہزاد اور شاہد افتخار دبئی میں مبینہ طور پر مشترکہ کاروبار کرتے تھے ۔ طارق شہزاد کے بھائی طاہر شہزاد نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہد افتخار اس کے بھائی کی تین کروڑ روپے سے زائد رقم لے کر پاکستان آگیا۔ رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر مبینہ طور پر انکار کیا گیا اور سنگین نتائج و مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دی گئیں۔ بعدازاں الزام ہے کہ تھانہ ساہوکا کے محرر عبدالغفار، جو شاہد افتخار کا داماد بتایا جاتا ہے ، سے مبینہ سازباز کرکے طارق شہزاد کو مذکورہ مقدمات میں پرانی تاریخوں پر نامزد کرایا گیا۔ مقدمات کا علم ہونے پر متاثرہ فریق نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ آر پی او آفس کی جانب سے ایس ایس پی آر آئی بی نے انکوائری کی، جس میں طارق شہزاد کو مقدمات میں بے گناہ قرار دیا گیا۔ ہائیکورٹ کے نوٹس کے بعد ڈی پی او وہاڑی کی ہدایت پر محرر عبدالغفار، اس کے سسر اور سالے کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ ایس ایچ او اور تفتیشی افسران کو مقدمے میں شامل نہیں کیا گیا۔ واقعے پر شہری و سماجی حلقوں نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments