عظیم آباد میں بجلی کے چھ ہزار اضافی یونٹس ڈالنے کا الزام

عظیم آباد میں بجلی کے چھ ہزار اضافی یونٹس ڈالنے کا الزام

میپکو حکام سے زرعی ٹیوب ویل بلوں میں اضافی یونٹس پر تحقیقات کرانے کا مطالبہ

گگو منڈی (نامہ نگار)میپکو سب ڈویژن عظیم آباد میں زرعی ٹیوب ویل صارفین کے بجلی بلوں میں مبینہ طور پر ہزاروں اضافی یونٹس شامل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ متاثرہ صارفین اور ذرائع کے مطابق بعض ٹیوب ویل صارفین کے بلوں میں تقریباً 6 ہزار اضافی یونٹس ڈالے گئے ، جس پر صارفین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد بلوں میں ایک ہی نوعیت کے اضافی یونٹس سامنے آنے سے شبہ پیدا ہوا ہے کہ یہ محض انفرادی ریڈنگ کی غلطی نہیں۔ متاثرہ صارفین کے مطابق اضافی یونٹس کے باعث ان کے بجلی کے بل غیر معمولی طور پر بڑھ گئے ۔ دو صارفین کے اکاؤنٹ نمبرز 29153331514763 اور 29153331514800 بھی سامنے آئے ہیں۔ صارفین کے احتجاج کے بعد متعلقہ بل درست کر دیئے گئے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ اگر مختلف بلوں میں یکساں انداز سے اضافی یونٹس شامل کیے گئے ہیں تو تحقیقات ہونی چاہئیں کہ یہ یونٹس کس بنیاد، حکم یا طریقہ کار کے تحت درج ہوئے ۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ بجلی چوری کے الزام میں عام صارف کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے ، اس لیے بلنگ میں مبینہ غلطی کی ذمہ داری بھی واضح ہونی چاہیے ۔متاثرہ زرعی صارفین کے مطابق میپکو دفتر میں شکایت کے دوران انہیں مبینہ طور پر یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا کہ اضافی یونٹس نکلوانے سے انہیں ملنے والا ریلیف متاثر ہو سکتا ہے ، جس سے وہ مزید پریشان ہوئے ۔صارفین نے وفاقی حکومت، وزارت توانائی اور میپکو اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عظیم آباد سب ڈویژن کے تمام زرعی ٹیوب ویل بلوں، میٹر ریڈنگ، سابقہ کھپت اور متعلقہ ریکارڈ کا خصوصی آڈٹ کرایا جائے اور اضافی یونٹس کی بنیاد و ذمہ دار اہلکاروں کا تعین کیا جائے ۔اس سلسلے میں میٹر انسپکٹر عظیم آباد سب ڈویژن سے رابطہ کیا گیا، تاہم انہوں نے مؤقف دینے سے گریز کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...