چھ ماہ سے سیوریج منصوبہ سست روی کا شکار، راستے بند
گلیوں کی کھدائی ،گندا پانی جمع ہونے سے شہری محصور، آمدورفت متاثر
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ضلعی مرکز کے گنجان آباد علاقے وارڈ نمبر 4 میں گزشتہ 6 ماہ سے جاری سیوریج منصوبہ سست روی کا شکار ہے ۔ ٹھیکیدار کی جانب سے گلیوں کی کھدائی اور راستے بند کیے جانے کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے سے متعدد گلیاں گندے پانی سے بھر گئی ہیں، جبکہ کئی شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت بھی بری طرح متاثر ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق آبادی کو جانے والی مرکزی گلی میں کھدائی کرکے راستہ بند کر دیا گیا ہے ۔ بعض مقامات پر نکاسی آب کا انتظام کیے بغیر کھدائی کرنے سے گندا پانی گلیوں میں جمع ہوگیا، جس کے باعث آمدورفت انتہائی دشوار ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گلیوں میں پانی کھڑا ہونے سے مساجد تک جانے میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔مرکزی گلی بند ہونے سے گورنمنٹ گرلز کالج، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوڑے خان سمیت متعدد نجی تعلیمی اداروں میں جانے والی طالبات، اساتذہ اور شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ منصوبہ شہریوں کی سہولت کیلئے شروع کیا گیا تھا، مگر ناقص منصوبہ بندی اور کام کی سست رفتاری کے باعث یہ زحمت بن گیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے منصوبے کا فوری نوٹس لے کر کام میں تیزی لائیں، نکاسی آب کا مسئلہ حل کریں اور بند راستے کھول کر شہریوں کی مشکلات کم کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments