نئے پارکس کیلئے جامع پلان تیار کرنے کا حکم
بچوں کیلئے کھیل کے میدان،گیمز، فیملی ایریاز، واش رومز، واکنگ ٹریکس بھی منصوبے میں شامل، شہر میں 9پارکوں کی تعمیر کیلئے انتظامی اجلاسپارکس کی منصوبہ بندی میں شجرکاری، گرین بیلٹس، کھیلوں کی سہولیات بھی شامل ،آبادی کی ضروریات پیش نظر رکھی جائیں، کمشنر عامریم کریم خان
ملتان (خصوصی رپورٹر، وقائع نگار خصوصی)کمشنر عامر کریم خاں کی زیرِ صدارت ہارٹیکلچر ایجنسی کے نئے پارکس کے قیام کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں شہریوں خصوصاً بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں کو مزید صحت مند تفریحی سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی سید وسیم نے 9 نئے پارکس کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ آبادی کے تناسب اور شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے پارکس کے قیام کا جامع پلان تیار کرکے حکومت پنجاب کو بھجوایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے پارکس میں بچوں کیلئے کھیل کے میدان، گیمز، فیملی ایریاز، واش رومز، واکنگ ٹریکس اور دیگر بنیادی سہولیات شامل کی جائیں جبکہ خواتین، بچوں اور خاندانوں کیلئے محفوظ اور معیاری تفریحی مقامات کی فراہمی کو خصوصی ترجیح دی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ کھیل کے میدانوں کو ختم کرنے کے بجائے جہاں ممکن ہو انہیں بہتر سہولیات سے آراستہ کرکے فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو پہلے سے دستیاب عوامی مقامات سے بھی بھرپور فائدہ حاصل ہو۔ پارکس کی منصوبہ بندی میں شجرکاری، گرین بیلٹس، کھیلوں کی سہولیات اور ماحول دوست سرگرمیوں کو بھی شامل کیا جائے ۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نئی منتخب باڈی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملتان کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شہری سہولیات میں بہتری اور انتظامیہ و بزنس کمیونٹی کے باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان کی ترقی صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی، مخیر حضرات اور سول سوسائٹی سمیت تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ملتان پبلک سکول اینڈ کالج گرلز برانچ میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔، جس میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کمشنر نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اعزازات تقسیم کیے اور ان کی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments