ریونیو افسروں کو فیلڈ میں سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کا حکم
مقررہ اہداف کے حصول کے ساتھ شہریوں کو بروقت ریلیف دیا جائے :ڈپٹی کمشنر
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار ) بورڈ آف ریونیو پنجاب کے پرفارمنس انڈیکیٹرز کے تحت مقررہ اہداف کے 100 فیصد حصول کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریونیو افسران کو دیے گئے ٹاسک پر عملدرآمد کی مسلسل نگرانی جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر حنا ارشد کی زیرصدارت پرفارمنس انڈیکیٹرز رینکنگ اور پلس پراجیکٹ کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریونیو سے متعلق مختلف اہداف اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سب رجسٹرارز اور ریونیو افسران کو گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجراء کے مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے ، مشترکہ کھاتوں کی تقسیم کا عمل تیز کرنے اور کھیوٹ و میوٹیشن سے متعلق مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نمبرداری گرانٹ کے رقبہ پر شجرکاری کے کام کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے اور فیلڈ میں جاری سرگرمیوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر فضل عباس نے ریونیو اہداف، پرفارمنس انڈیکیٹرز اور جاری اقدامات پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف کے حصول کے ساتھ شہریوں کو بروقت ریلیف اور زیرالتوا معاملات کا جلد ازجلد ازالہ بھی یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments