ضلع خانیوال کی چاروں تحصیلوں میں صفائی آپریشن تیز
سڑکوں کی دھلائی ،داخلی راستوں، گرین بیلٹس کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ‘‘ستھرا پنجاب’’ کے تحت ضلع خانیوال کی چاروں تحصیلوں میں صفائی ستھرائی کا آپریشن جاری ہے ۔ اس سلسلے میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں اور ملبے کی صفائی تیز کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی آپریشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نیازی چوک اور شہر کے داخلی گیٹ کے اطراف صفائی اور سڑکوں کی دھلائی کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گرین بیلٹس کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی پلان پر مؤثر انداز میں عمل کیا جائے اور اہم شاہراہوں، چوکوں، گرین بیلٹس اور داخلی راستوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر آپریشنز ستھرا پنجاب عثمان خورشید نے ڈپٹی کمشنر کو جاری صفائی آپریشن اور مختلف علاقوں میں کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صفائی کا معیار برقرار رکھنے اور آپریشن مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments