خانیوال ، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی تیز کرنیکا حکم
اشتہاریوں، منشیات فروشوں ،ناجائز اسلحہ رکھنے والوں پر اقدامات کریں، ڈی پی او
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد کی زیر صدارت جرائم کی روک تھام اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ایس پی انویسٹی گیشن شاہد رشید، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں جرائم کی صورتحال، سنگین مقدمات کی تفتیش، ملزمان کی گرفتاری اور پولیس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی پی او محمد عابد نے افسران کو ہدایت کی کہ اشتہاری مجرمان، جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور اسلحہ و منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ چوری، ڈکیتی، قتل، اقدام قتل اور سرقہ بالجبر سمیت سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ بچوں اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور تشدد کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ سنگین مقدمات کی مؤثر تفتیش، ملزمان کی گرفتاری اور مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments