خستہ عمارتوں میں تدریس جسمانی سزا پر پابندی عائد

خستہ عمارتوں میں تدریس جسمانی سزا پر پابندی عائد

ملتان (خصوصی رپورٹر)خستہ حال عمارتوں میں تدریس اور طلبہ پر جسمانی سزا دینے پر پابندی، سکول سربراہان کو سخت ہدایات جاری ۔۔

سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کا حکم، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی، تفصیل کے مطابق محکمہ تعلیم نے ضلع بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں کے مالکان، پرنسپلز اور ڈائریکٹرز کو طلبہ اور تدریسی عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں ۔سکولوں میں خستہ حال اور خطرناک عمارتوں یا کلاس رومز میں طلبہ کو بٹھانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے جسمانی سزا کے مکمل خاتمے کو بھی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز (سیکنڈری ایجوکیشن)پنجاب لاہور کی ہدایات کی روشنی میں جاری مراسلے میں ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ اور عملے کے لئے محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں اور جاری کردہ احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔مراسلے کے مطابق کسی بھی طالب علم کو خطرناک یا خستہ حال عمارت اور کلاس روم میں نہیں بٹھایا جائے گا۔ سکول انتظامیہ اس امر کو یقینی بنائے گی کہ اگر کسی عمارت یا کمرے کی حالت غیر محفوظ ہو تو وہاں تدریسی سرگرمیاں جاری نہ رکھی جائیں۔ اور طلبہ کی تعلیم کے لئے کسی محفوظ مقام پر متبادل انتظام کیا جائے ، تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے ۔محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں طلبہ کو جسمانی سزا دینے پر بھی مکمل پابندی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی طالب علم کو کسی بھی حالت میں جسمانی سزا کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ سکول مالکان، پرنسپلز اور ڈائریکٹرز اس پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے اور تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...