زکریا یونیورسٹی کے پنشنرز پانچ روز سے پنشن کے منتظر
تنخواہوں کی ادائیگی بھی تاخیر کا شکار، بینک منیجر اور انتظامیہ تنازع شدید
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے پنشنرز پانچ روز گزرنے کے باوجود پنشن سے محروم ہیں، جبکہ یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی تاخیر کا شکار ہوگئی۔ رات گئے تک تنخواہوں کی منتقلی کا عمل مکمل نہ ہوسکا، جس کے باعث حاضر سروس ملازمین اور ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے پنشن اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے متعلقہ بینک میں رقوم جمع کرائیں، تاہم بینک منیجر نے مبینہ طور پر بعض معاملات پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے رقم جاری کرنے سے انکار کردیا۔ اس صورتحال کے باعث یونیورسٹی انتظامیہ اور بینک حکام کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا اور ادائیگیوں کا معاملہ حل نہ ہوسکا۔پنشن کی پانچ روزہ تاخیر نے ریٹائرڈ ملازمین کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے ۔ عمر رسیدہ پنشنرز کی بڑی تعداد روزمرہ اخراجات، ادویات اور دیگر ضروریات کے لئے ماہانہ پنشن پر انحصار کرتی ہے ، تاہم بروقت ادائیگی نہ ہونے سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے ۔دوسری جانب حاضر سروس ملازمین کی تنخواہوں کی منتقلی کا عمل بھی رات گئے تک جاری رہا، جس پر یونیورسٹی ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے۔ملازمین اور پنشنرز نے وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بینک حکام سے فوری رابطہ کرکے ادائیگیوں میں حائل رکاوٹ دور کی جائے ، واجب الادا پنشن جاری کی جائے اور مستقبل میں تنخواہوں و پنشن کی بروقت ادائیگی کے لئے مستقل نظام وضع کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments