پنجاب میں گندم کا پیداواری ہدف1کروڑ65لاکھ ایکٹر مقرر
تصدیق شدہ گندم کے بیج پر کاشتکاروں کیلئے 45کروڑروپے کی سبسڈی مقرر، کسان کارڈ سے 425 ارب کے بلا سود قرضے ، بیج کی ذخیرہ اندوزی روکی جائے ، وزیر زراعت عاشق کرمانی
ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت کمشنر آفس لاہور میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور ڈویژن میں گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف، پیداواری منصوبہ بندی اور زرعی مداخل کی دستیابی و قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی غزالی سلیم بٹ اور ملک شہباز علی، سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں، کمشنر لاہور ڈویژن نعمان یوسف اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ رواں سال پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ جبکہ لاہور ڈویژن کے لئے 13 لاکھ 50 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے ۔ غذائی تحفظ کے تقاضے پورے کرنے کے لئے مقررہ اہداف کا حصول ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ گندم کے بیج پر کاشتکاروں کے لئے 45 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے ، جبکہ کسان کارڈ کے تحت زرعی مداخل کی خریداری کے لیے 150 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ڈھائی سال کے دوران کسان کارڈ کے ذریعے 425 ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں۔ گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت بھی 45 ہزار ٹریکٹرز سبسڈی پر دیئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گندم کی 4500 روپے فی من مجوزہ قیمت کاشتکاروں کے لئے بہترین پیکیج ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گندم کی لائنوں میں کاشت اور جدید زرعی مشینری کے استعمال کو فروغ دیا جائے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو۔انہوں نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کا منظور شدہ بیج سات ہزار روپے فی تھیلا فروخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور بلیک مارکیٹنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ بیج ڈیلرز کی نگرانی اور معیاری بیج کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے ۔وزیر زراعت نے نہری پانی چوری کے خلاف سخت کارروائی، زرعی مشینری کے مقررہ کرایوں پر عملدرآمد اور سرکاری اراضی پر گندم کی سو فیصد کاشت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments