فصیل کھولنے کے نام پر دکانوں کی مسماری،تاجر سراپا احتجاج
سرکلر روڈ پر سینکڑوں دکانوں کی ممکنہ مسماری سے ہزاروں خاندانوں متاثر ہونگے
ملتان (لیڈی رپورٹر)تنظیم تاجران پاکستان ملتان نے سرکلر روڈ پر تاریخی فصیل کھولنے اور سیاحت کے فروغ کے نام پر سینکڑوں دکانیں مسمار کرنے کے مجوزہ منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بھی کارروائی سے قبل متاثرہ تاجروں کے روزگار کا تحفظ، متبادل دکانوں کی فراہمی اور مناسب معاوضے کو یقینی بنایا جائے ۔ بصورت دیگر ہزاروں خاندانوں کو درپیش معاشی مشکلات کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔اس سلسلے میں تنظیم تاجران پاکستان ملتان کا اجلاس صدر ملتان سٹی خالد محمود قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ شرکاء نے کہا کہ تاریخی فصیل کو کھولنے اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے اقدامات اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم ترقیاتی منصوبے کی آڑ میں سینکڑوں دکانوں کی مسماری سے تاجروں، دکانداروں اور ان کے ملازمین کے خاندانوں کا روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ملتان میں دکانیں مسمار کئے جانے کے بعد متاثرہ تاجروں کو نہ متبادل جگہیں فراہم کی گئیں اور نہ ہی مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ دیا گیا، جس کے باعث وہ آج تک معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ منصوبے پر عملدرآمد سے پہلے تمام متاثرہ دکانداروں کی نشاندہی اور نقصانات کا منصفانہ تخمینہ لگایا جائے ، جبکہ انہیں متبادل کاروباری جگہیں یا مارکیٹ ویلیو کے مطابق معاوضہ فراہم کیا جائے ۔ شرکاء نے خبردار کیا کہ تحفظات نظرانداز کرکے کارروائی کی گئی تو پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments