پی پی ایس سی کی مختلف آسامیوں کے تحریری نتائج جاری
ریونیوبورڈ، چیف منسٹر انسپکشن ٹیم، ٹرانسپورٹ کے امیدوار کامیاب قرار
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے بورڈ آف ریونیو اور دیگر سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے سلسلے میں مختلف آسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے ۔ جاری اعلامیے کے مطابق بورڈ آف ریونیو فیصل آباد میں جونیئر کلرک کی 19 آسامیوں کے لئے 311 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ۔ کامیاب امیدواروں میں مشال رباب، طاہرہ سبین، بشریٰ عارف، محمد سفیان اور عبدالجبار سمیت دیگر شامل ہیں۔اسی طرح بورڈ آف ریونیو کوٹ ادو میں جونیئر کلرک کی دو آسامیوں کے لئے 40 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار دیئے گئے ، جبکہ چیف منسٹر انسپکشن ٹیم میں لاء آفیسر کی تین آسامیوں کے لئے 15 امیدواروں نے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ کامیاب امیدواروں میں مریم یمین، محمد فرحان شہزاد، محمد اویس، وحید احمد اور جنید احمد عابد سمیت دیگر شامل ہیں۔اعلامیے کے مطابق ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ میں موٹر موبائل پٹرول انسپکٹر کی 34 آسامیوں کے لئے 137 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ۔ ان میں نازیہ اسلم، ندا گل، جویریہ اشرف، اقرا الطاف، ثنا سیف اور آصفہ فاروق سمیت دیگر امیدوار شامل ہیں۔مزید برآں سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی آسامیوں کے لئے 36 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار دیئے گئے۔ کامیاب امیدواروں میں بختاور، تہذیب زہرہ، مشال اختر، اقرا بشیر اور محمد قمرالحق سمیت دیگر شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments