ایمرسن یونیورسٹی :مالی بے ضابطگیاں، اضافی اعزازیوں پر سوالات
خاتون استاد نے ہراسانی کا الزام لگا دیا، میڈیکل بلز اور امتیازی سلوک کی شکایات
ملتان (خصوصی رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں، انتظامی اختیارات کے ناجائز استعمال، من پسند افراد کو اضافی اعزازیوں کی ادائیگی اور خاتون استاد کو ہراساں کرنے کے الزامات سامنے آگئے ہیں، جس کے بعد یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق یکساں اکیڈمک کیلنڈر کے باوجود بعض شعبوں کے کوآرڈینیٹرز اور عملے کو جنوری جبکہ دیگر کو فروری 2026 سے اعزازیوں کی ادائیگی کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق رجسٹرار آفس میں مختلف شعبوں کے عملے کی تعیناتی کی تاریخوں میں فرق کے باعث بعض افراد کو تقریباً ڈیڑھ ماہ کا اضافی اعزازیہ ملنے کا معاملہ بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے ۔دوسری جانب شعبہ اسلامیات کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ رزاق کی چھ ماہ کی طبی رخصت کی درخواست پر کارروائی کے بجائے انہیں میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے لئے سات روز کی مہلت دینے کا مراسلہ جاری کیا گیا، جسے مبینہ طور پر دباؤ اور ہراسانی سے تعبیر کیا جا رہا ہے ۔الزامات میں ایڈیشنل چارج ڈپٹی رجسٹرار ڈاکٹر غلام اسحاق کا کردار بھی زیر سوال ہے ، جن پر ایوننگ الاؤنسز کے علاوہ خزانچی کے لاکھوں روپے مالیت کے میڈیکل بلز کی منظوری میں معاونت اور اساتذہ کے ساتھ امتیازی سلوک کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی حلقوں نے خزانچی اور آڈٹ حکام کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے گورنر پنجاب، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور آڈیٹر جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ اضافی اعزازیوں، میڈیکل بلز اور طبی رخصت کے معاملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments