پٹرولیم مصنوعات سستی، مہنگائی ، ٹرانسپورٹ کرائے برقرار
قیمتوں میں 70 سے 80 روپے لٹر کمی لیکن عوام کو ریلیف نہ مل سکا
گگو منڈی (نامہ نگار) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہ مل سکا۔ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی نہیں کی جبکہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی بدستور بلند سطح پر برقرار ہیں، جس کے باعث شہری حکومتی ریلیف کے ثمرات سے محروم ہیں۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے گزشتہ چند روز کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 70 سے 80 روپے فی لٹر تک کمی کی گئی، تاہم اس کے باوجود مہنگائی سے پریشان عوام کی مشکلات کم نہ ہو سکیں۔ ٹرانسپورٹ کے کرائے پہلے کی سطح پر برقرار ہیں جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیا بھی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔شہریوں چوہدری ندیم گجر، سہیل اصغر، اعجاز سیکرٹری، رانا نصیر احمد، عمر فاروق جوئیہ، محمد اکمل گجر اور سعید خان بلوچ سمیت دیگر نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے پر کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فوری اضافہ کر دیا جاتا ہے ، لیکن قیمتیں کم ہونے پر عوام کو اس کا فائدہ نہیں پہنچایا جاتا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments