حکومت نے سگریٹ نوشی کخیلاف ہسپتالوں میں سموک ڈٹیکٹرز لگانے کا حکم دیدیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) حکومت نے سرگودھا ریجن کے ڈی ایچ کیوز اور تمام تحصیل ہسپتالوں میں سگریٹ نوشی کی روک تھام کیلئے سموک ڈیٹیکٹرز نصب کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
جس کے ذریعے سگریٹ پینے یا ممکنہ آگ لگنے کی صورت میں اونچی آواز میں ہارن بجا کر فوری الرٹ جاری ہو گا، جبکہ ہسپتالوں کے ڈیوٹی افسران کو فوری تدارک کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اس ضمن میں سی ای اوز ہیلتھ کو گزشتہ روز جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سموک ڈیٹیکٹرز جلد از جلد نصب کر کے عملدرآمد کی رپورٹ ارسال کی جائے ۔ یاد رہے کہ ہسپتالوں سمیت پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی ہے اور جرمانے کا قانون موجود ہے اس کے باوجود قانون پر عمل نہیں ہوتا،شہریوں سے ہسپتالوں میں سموک ڈیٹیکٹرز نصب کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔