انعام کا لالچ دیکر موبائل فون پر سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کا دھندا پھر شروع

انعام کا لالچ دیکر موبائل فون پر سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کا دھندا پھر شروع

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )شہر سمیت ضلع بھر میں موبائل فونز کے ذریعے مختلف طریقوں سے سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے گروہوں کی سرگرمیاں ایک مرتبہ پھر عروج پر پہنچ چکی ہیں۔۔۔

 یہ گروہ یومیہ مختلف ذرائع اور طریقہ کار سے بھاری رقوم یومیہ ہتھیا کر سادہ لوح عوام کی جیبیں خالی کرنے میں مصروف ہیں، گرفتاری قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے چیلنج بن چکی ہے ’ مختلف فونز پر کال کر کے یا ایس ایم ایس کر کے صارف کو کسی قرعہ اندازی یا ٹی وی شو کا حوالہ دے کر خوشخبری سنائی جاتی ہے کہ آپ کا انعام نکلا ہے ’ جو کہ 25 ہزار سے 5 لاکھ تک بتایا جاتا ہے فراڈیوں اور نوسر بازوں کے گروہوں سے کال یا ایس ایم ایس کرنے والا شخص یہ خوشخبری سنا کر نیا نمبر دے دیتا ہے کہ آپ ہمارے آفیسر سے بات کریں باقی طریقہ کار آپ کو وہ سمجھا دے گا جب متعلقہ شخص دیئے گئے فون پر رابطہ کرتا ہے تو اسے کہا جاتا ہے کہ انعام کی رقم چیک یا دیگر صورت میں آپ تک پہنچانے کے لئے اخراجات درکار ہیں جو ایزی پیسہ یا موبائل فون کمپنی کے بیلنس کی صورت میں کریں تا کہ آپ کا نکلا ہوا انعام جلد سے جلد آپ تک پہنچایا جا سکے ’ اس طرح انعام کی نوید پانے والا سادہ لوح شخص ایزی پیسہ یا بیلنس کی صورت میں متعلقہ فراڈ گروہ کو رقوم بھجوا دیتا ہے اس طرح دن میں یہ گروہ سینکڑوں افراد سے اس طرح رقوم منگوا کر یومیہ لاکھوں اور سالانہ کروڑوں ر وپے لوٹ رہے ہیں’ یہ سلسلہ روز افزوں شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔  قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس سلسلہ میں سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں