قیمتی پرندوں کا غیرقانونی شکار کرنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا میں فالکن اور دیگر قیمتی پرندوں کا غیرقانونی شکار کرنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔۔۔
وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ اس حوالہ سے متحرک نظر آ رہا ہے ، غیر قانونی شکاریوں کیخلاف ایکشن کے دوران لاکھوں روپے کے جرمانے کیے گئے ، اور پرندے فضا میں آزاد کر دیئے گئے ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سرگودھا ریجن عروج ظہیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دریائے چناب کے علاوہ دریائے جہلم کے اطراف آبی جبکہ دیگر علاقوں میں فالکن، چکور، تلور اور تیتر، بٹیر سمیت دیگر نایاب پرندوں کے تحفظ کیلئے ہاٹ سپاٹ قائم کرتے ہوئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، اس حوالہ سے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف عروج ظہیر کا کہنا ہے کہ فالکن اور دیگر پرندوں کے تحفظ کیلئے جاری 2 ماہ کی جامع مہم کے بعد اب ہم سائبیریا سے آنے والی نایاب نسل کی مرغابیوں اور دیگر پرندوں کے تحفظ کیلئے ایک مرتبہ پھر میدان عمل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی شکاریوں کیخلاف آپریشن کے دوران 227 چالان کرتے ہوئے 32 لاکھ روپے کے ریکارڈ جرمانے کئے گئے۔