زہریلے سپرے اور جعلی کھاد ، مضر صحت فصلیں تیار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )سرگودھا میں متعلقہ اداروں میں بد انتظامی کے باعث نت نئے زہریلے سپرے اور جعلی کھاد وادویات سے تیار شدہ فصلیں انسانی صحت پر بری طرح اثر انداز ہونے لگی ہیں۔۔۔
چند دہائیاں قبل قدرتی طریقوں اور گوبر وغیرہ کو کھاد کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے مگر اب فصلوں کی تیاری کیلئے کھاد اور سپرے کے استعمال سے اگرچہ زمیندار کی محنت کم، فصل و معاوضہ زیادہ ہوگیا مگر اس کی زمین تباہ ہوکر رہ گئی، کیوں کہ اب زمین اس عمل کی عادی ہوچکی ہے اور اس طریقہ کار سے ہٹ کر بہتر فصل کا حصول ممکن نہیں رہا ، جبکہ زمین کو بے اثر کرنے میں جعلی کھاد اور پیسٹی سائیڈ کے استعمال کا بھی عمل دخل ہے ، بدقسمتی سے ضلع سرگودھا میں متعلقہ محکموں کا رویہ اس کی روک تھام کی بجائے جعلی کھاد اور پیسٹی سائیڈز کے فروغ کا سبب بنا ہوا ہے ، حکومت پنجاب کی طرف سے پیدوار میں اضافہ کیلئے محکمہ زراعت کو آگاہی مہم کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کئے جا رہے ہیں ،جبکہ یہاں مقامی کمپنیوں کی مالی معاونت سے مختلف مقامات پر سیمینارز وغیرہ کروانے کا سلسلہ ایک عرصہ سے جار ی ہے ،جن میں انہی کمپنیوں کی مبینہ طور پر ناقص پراڈکٹ کی تشہیر کی جاتی ہے ،اور عملدرآمد کے طور پر مثبت رپورٹ حکومت کو اخراجات کے ہمراہ بھجوادی جاتی ہے ،دوسری طرف جعلی ادویات اور کھاد کا بڑھتا ہوا استعمال براہ راست انسانی صحت پر اثر انداز ہو رہا ہے ،جبکہ شکایات کے حوالے سے کسانو ں کا کوئی پرسان حال نہیں، انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔