سبزیوں،پھلوں کی گرانفروشی پر کریک ڈاؤن کا حکم

سبزیوں،پھلوں کی گرانفروشی پر کریک ڈاؤن کا حکم

ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ کو سبزیوں،پھلوں کی گرانفروشی پر کریک ڈائون کا حکم دیدیا گیا۔

 اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوام کو سستی اشیائخورد و نوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سبزی منڈیوں سے عام مارکیٹ تک سپلائی چین کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سبزی منڈی کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اشیاء خوردونوش کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں سستے ریڑی بازار بھی قائم کئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ عوام کو سستی سفری سہولیات کی فرامی کے لیے جنرل بس سٹینڈ پر مثالی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جنرل بس سٹینڈ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مسافروں سے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر کرایہ نامے بھی چیک کئے ۔ وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے جعلی اور جنسی ادویات کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں ڈرگ انسپکٹرز پر مشتمل خصوصی ٹاسک فورس بھی تشکیل دے دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بغیر گارنٹی اور زائد المیعاد ادویات فراہم کرنے والے دوا ساز اداروں اور میڈیکل سٹورز کو سربمہر کرنے کا حکم بھی دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض احمد سمیت ضلعی افسران نے اس موقع پر شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے سماعت کرتے ہوئے 10 میڈیکل سٹورز کے کیسز ڈرگ کورٹ بھجوادیئے ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ادویات سے انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے حقدار نہیں ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں