یونیورسٹی آف سرگودھا میں2 روزہ کتب میلہ کا انعقاد
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )یونیورسٹی آف سرگود ھا میں وزیر آغا لائبریری کے زیر اہتمام دو روزہ کتب میلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے پبلشرز نے اپنے اسٹالز لگائے ۔
میلے میں ہزاروں کتابیں پیش کی گئیں، جن میں ثقافت، سیاست، تعلیم، نفسیات، انتظامیات‘سائنس، ٹیکنالوجی، ادب، تاریخ، فلسفہ، مذہب، معاشیات، فنون لطیفہ، طب، انجینئرنگ، ماحولیات، بین الاقوامی تعلقات، قانون، کمپیوٹر سائنس، اور دیگر موضوعات شامل تھے ۔ کتب میلہ کا مقصد طلبہ کو کتابوں کی طرف متوجہ کرنا، علمی و تحقیقی کلچر کو فروغ دینا، اور طلبہ و اساتذہ کو علم کے نئے ذرائع تک رسائی فراہم کرنا ہے ۔ یہ میلہ نہ صرف کتابوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ طلبہ کو مطالعے کی طرف مائل کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم بھی ہے ۔ کتب میلے کا افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا۔ ان کے ہمراہ ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین، چیف لائبریرین ڈاکٹر آصف نوید ، مختلف تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے صدور بھی موجود تھے ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ کتب بینی کا شوق پیدا کرنا تعلیمی ترقی کے لیے ضروری ہے ۔ یہ کتب میلہ طلبہ کو علم کے خزانے تک رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تحقیق و جستجو کی ترغیب دیتا ہے ۔