مشہور خطاط اور کاتب قرآن محمد نعیم کے فن پاروں کی نمائش

مشہور خطاط اور کاتب قرآن محمد نعیم کے فن پاروں کی نمائش

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا آرٹس کونسل کے زیر اہتمام خوشاب کے مشہور خطاط اور کاتب قرآن محمد نعیم یاد کی نادر و نایاب قلمی نسخوں پر مبنی قرآنی شہ پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

 اس تاریخی نمائش میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد عمر فاروق مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے ۔ نمائش میں دیگر اہم شخصیات میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل اسد احمد، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسّم ، نجمہ منصور ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد فاروق، محمد خان ہرگن، ڈاکٹر محمد مزّمل مرتضٰی اور پروفیسر ملک شوکت رضوان بھی موجود تھے ۔نمائش کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد عمر فاروق نے کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا، قرآنی آیات کی خطاطی مسلمانوں کا قدیم ورثہ ہے ، جو کہ عصر حاضر میں بھی جاری و ساری ہے ۔ یہ فن نہ صرف ثقافت کا حصہ ہے بلکہ سکونِ قلب کا باعث بھی ہے ۔ پاکستان میں اس فن میں اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوانوں میں اس کا شوق بڑھتا جا رہا ہے ۔ نمائش میں محمد نعیم یاد کے بنائے گئے قرآنی شہ پارے دیکھ کر حاضرین کو دلی سکون حاصل ہوا۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسّم نے اس موقع پر کہا کہ آرٹس کونسل نے اس نمائش کے ذریعے فن اور فنکار کی صلاحیتوں کو سراہا ہے ، جو ایک مستحسن اقدام ہے ۔ اس نمائش میں اساتذہ، طلباء اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اور اس کے ذریعے اسلامی خطاطی میں اپنے شوق کا اظہار کیا۔یہ نمائش سرگودھا آرٹس کونسل کی طرف سے خطاطی کے فن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ایک اہم قدم ثابت ہوئی اور اس نے خطاطی کے فن کو نئی زندگی دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں