جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں خونخوار آوارہ کتوں کی یلغار
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا )جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں خونخوار آوارہ کتوں کی یلغارشہریوں کے لئے وبال جان بن گئی، اندرون شہر کی سڑکوں ،گلیوں، چوکوں ،چوراہوں میں درجنوں کتے دن رات دندناتے پھر رہے ہیں۔۔۔
جس کی وجہ سے پورے شہر میں خوف کی فضا پائی جاتی ہے بالخصوص کمزور دل افراد بچوں اور خواتین کا گھر سے باہر نکلنا دوبھر ہوچکا ہے ، آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث نمازیوں کو نماز کی ادائیگی اور شہریوں کو صبح کی سیر کرنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔ جوہر آباد کے سماجی اور عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے کو اس صورتحال کے تدارک کیلئے ڈاگ کلنگ مہم چلانے کا پابند بنایا جائے ، شہریوں کا کہنا ہے دیہی علاقوں میں آوارہ کتوں کو تلف کرنا محکمہ صحت کی ذمہ داری ہے جبکہ شہری علاقوں میں یہ ذمہ داری میونسپل اداروں کے سپرد ہے لیکن کوئی بھی ادارہ یہ ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں جس کی وجہ سے جوہرآباد کے مکینوں کی زندگی عذاب بنی ہوئی ہے ۔