عوام کے ریونیو سے متعلقہ مسائل حل کئے جائیں :کمشنر

عوام کے ریونیو سے متعلقہ مسائل حل کئے جائیں :کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ریونیو سٹاف کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ عوام کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ لوگوں کو باربار دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کو لٹکانے کی بجائے سائلین کی رہنمائی کی جائے تاکہ ریونیو عوامی خدمت کچہری لگانے کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے ریونیو عوامی خدمت کچہری کی بھرپور انداز میں تشہیر کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ سائلین اپنے مسائل پیش کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں ریونیو عوامی خدمت کچہری میں سائلین کی شکایات سننے کے دوران کیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، اے ڈی سی آر فہد محمود اور اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان تارڑ سمیت تحصیلدار، قانونگو، پٹواری کے علاوہ دوسرا ریونیو سٹاف بھی اس موقع پر موجود تھا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا مقصد عوام کے مسائل کا ایک ہی چھت تلے ازالہ کرنا اور فوری انصاف کی فراہمی ہے تاکہ عوام کو در پیش ریونیو سے متعلقہ مشکلات کو ختم کر کے فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے ریونیو عوامی خدمت کچہری میں آئے سائلین سے فرداًفرداً ان کے مسائل بارے دریافت کیا۔ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں ڈومیسائل، فرد کا اجراء ، انتقال کا اندراج، ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور دیگر متفرق کیسز کے حوالے سے درخواستیں موصول ہوئیں جن کے حل کے لئے احکامات جاری کئے گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں