مذبحہ خانوں میں ویٹرنری ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم

مذبحہ   خانوں   میں   ویٹرنری    ڈاکٹرز    کی    موجودگی    یقینی    بنانے   کا    حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویڑن جہانزیب اعوان نے چاروں ڈپٹی کمشنروں کو سلائٹر ہاؤسز پر صبح ذبحہ کے وقت ویٹرنری ڈاکٹرز کی دستیابی ،اسسٹنٹ کمشنرز کو ہفتہ کے کسی دن خود بھی سلائٹر ہاؤس۔۔۔

کااچانک معائنہ کرنے کا ٹاسک سونپا اور واضح کیا ہے کہ آئندہ اجلاس میں اس بارے بریفنگ لی جائیگی ،انہوں نے ہدایت جاری کی کہ تحصیلوں میں کم از کم ایک ماڈل یونین کونسل دفتر بنایا جائے جہاں ہر محکمے کا افسر موجود ہو۔ اس طرح تحصیلوں میں مزید مقامات کی نشاندہی کر کے ریڑھی بازار قائم کئے جائیں۔ عارضی وپختہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن جاری رکھے جائیں اور بازاروں کی مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جائے ۔ یہ احکامات انہوں نے ڈپٹی کمشنروں سے ایک اجلاس میں جاری کئے ۔ انہوں نے چاروں اضلاع میں تندوروں کا ڈیٹا طلب کرتے ہوئے انتظامی افسران کو تعلیمی اداروں اورہسپتالوں کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی،کمشنر نے سو شیواکنامک رجسٹری میں رجسٹریشن کیلئے بھر پور تشہیر کرنے کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز سے آر ایچ سی اور بی ایچ یوز کی ری ویمپنگ کی اپ ڈیٹ رپورٹ بھی طلب کی۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں نے ستھرا پنجاب ، پرائس کنٹرول ، انکروچمنٹ ، سوشواکنامک رجسٹری کے علاوہ وزیر ا علیٰ کے عوامی بہبود کے 31 مختلف اہداف بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی پی ایچ اے محمد ارشد نے شہروں کی خوبصورتی اورآئندہ شجرکاری مہم بارے بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین نے بتایا کہ سرگودہا ڈویڑن کے امسال 15 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی بوائی کا ہدف مقرر کیاگیا ہے ۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کپاس کے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو زراعت افسران کی بھر پور رہنمائی اور معاونت کرنے کی ہدا یت کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں