جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ مارچ ،اسرائیل کیخلاف نعرے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام عزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا، غزہ مارچ مرکز جماعت اسلامی 9 نمبر چونگی سے شروع ہوا۔
اور شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا سیٹلائٹ ٹاون چوک پر اختتام پذیر ہوا، مارچ کی قیادت جماعت اسلامی کے ضلعی رہنماؤں ڈاکٹر طاہر فاروق سٹی امیر اختر رسول چوہدری ،مدثر خالد وڑائچ محمد اسامہ ،پروفیسر عرفان احمد ،ڈاکٹر ارشد شاہد ،ملک محمود اعوان اور دیگر نے کی ، مارچ میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق میں نعرے درج تھے ، اور انہوں نے فلسطینیوں کے حق اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل جو کہ حماس کو ختم کرنے کے دعوے کرتا تھا آج اسی سے معاہدہ کرنے پر مجبور ہو چکا ہے یہ اصل میں حماس کی فتح ہے ۔ پاکستانی قوم ہر موڑ پر اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ، حماس نے بے پناہ شہادتوں کے باوجود دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دنیا کو بتا دیا کہ جنگ اسلحہ اور بارود کی بنیاد پر نہیں بلکہ جذبہ ایمانی سے لڑی جاتی ہیں اور اس کامیابی کے بعد دنیا بھر کے حکمران فلسطینیوں کے حق کو تسلیم کرنے پر مجبور ہیں۔