شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی ، محکمہ ماحولیات عمل درآمد کروانے میں مکمل ناکام ہو گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے شاپنگ بیگ کے استعمال پر عائد پابندی پر عمل درآمد نہ ہونے پر سرگودھا میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی فروخت روکنے میں محکمہ ماحولیات بری طرح ناکام ہو کر رہ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات سرگودھا نے تقریبا پانچ ماہ قبل شاپنگ بیگ فروخت کرنے والوں کو فائنل نوٹس جاری کئے تھے جس میں انہیں 7 روز تک پابندی پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سات روز بعد شاپنگ بیگ کی خرید و فروخت کرنے والوں کی دکانیں سیل کر نے کا اعلان کیااور واضح کیا تھا ان کا مال ضبط کر کے ری سیٹنگ کے لیے بھیج دیا جائے گا دکانداروں کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے لیکن پانچ ماہ گزرنے کے بعد بھی شاپنگ بیگ کی خرید و فروخت جاری ہے ہوٹل مالکان کھانے اور چائے وغیرہ کی فروخت میں شاپنگ بیگ کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں یاد رہے کہ حکومت نے تقریبا ایک سال قبل شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کر کے محکمہ ماحولیات کو عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی تھی ،جو کہ روایتی چشم پوشی کی نذر ہو کر رہ گئی ہے ۔