عید پر جانوروں کی آمد اور فروخت میں 48 فیصد کمی ریکارڈ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد کی مویشی منڈیوں میں عید قرباں پر جانوروں کی آمد اور فروخت میں۔۔۔
گزشتہ برس کی نسبت تقریبا 48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس سال مختلف عارضی اور مستقل منڈیوں میں لگ بھگ 1 لاکھ 12 ہزار جانور لائے گئے ، جن میں سے تقریبا 88 ہزار کے قریب فروخت ہو سکے ۔ پچھلے سال منڈی میں لائے گئے جانوروں کی تعداد تقریباً 2 لاکھ 16 ہزارکے قریب تھی جن میں سے بیشتر فروخت ہوگئے تھے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کمی کی بنیادی وجہ معاشی دباؤ اور جانوروں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہے ۔ رواں برس درمیانے درجے کے بیل کی قیمت 2 سے اڑھائی لاکھ روپے کے درمیان رہی، جبکہ اچھی نسل کے بکرے 1 سے ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت ہوتے رہے ۔ مہنگائی کے اس بوجھ نے خاص طور پر متوسط اور نچلے طبقے کو متاثر کیا، جو پہلے ہر سال اپنی استطاعت کے مطابق انفرادی قربانی کرتے تھے ۔ اسی مالی دباؤ کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس بار بڑی تعداد میں شہریوں نے اجتماعی قربانی کا انتخاب کیا۔ کئی مقامی تنظیموں کے مطابق اس سال اجتماعی قربانی میں حصہ لینے والوں کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں دوگنی رہی۔ قربانی کے جانوروں کی تعداد میں کمی صرف منڈیوں تک محدود نہیں رہی بلکہ شہر بھر میں عمومی طور پر ذبح کیے گئے جانوروں کی تعداد میں بھی نمایاں کمی محسوس کی گئی۔ کئی علاقوں میں وہ گہماگہمی نظر نہیں آئی جو عام طور پر قربانی کے ایام میں دیکھنے کو ملتی ہے ۔ اس تبدیلی نے نہ صرف معاشی صورت حال کا عکس پیش کیا بلکہ قربانی کے سماجی پہلو میں بدلتے رجحانات کو بھی واضح کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح مذہبی فرائض پر بھی اثر ڈالا ۔