غریب سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ،گھر کا چولہا جلانا دشوار:عوام
کمرمشانی (نمائندہ دنیا)موجودہ حکومت نے غریب عوام سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے ۔ متوسط طبقے کے لیے گھر کا چولہا جلانا دشوار ہو گیا ہے ۔۔۔
لوگ گھریلو زیور، مال مویشی بیچ کر بجلی اور گیس کے بھاری بل ادا کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ جن کی تنخواہیں لاکھوں میں ہیں، انہیں یہ تمام سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔کمرمشانی کے شہریوں نے دنیا نیوز کے سروے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ ملک صرف ججوں، جرنیلوں، بیوروکریٹس اور سیاستدانوں کے رہنے کے قابل رہ گیا ہے ، جنہیں ہر سہولت بلامعاوضہ میسر ہے ، جبکہ عام عوام کو ٹیکس در ٹیکس کے جال میں جکڑ کر زندگی کی بنیادی اشیاء بھی مہنگی کر دی گئی ہیں۔شہریوں راشد ماجد خان، حفیظ اللہ، کفایت اللہ خان، سلیم اللہ، ممتاز خان، جاوید قریشی، نعمت اللہ مستری و دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ مستقل بیماریوں جیسے شوگر، بلڈ پریشر، دمہ اور معدے کے مریضوں کے لیے ادویات کی قیمتیں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر دکاندار بجلی اور تیل کی مہنگائی کا بہانہ بنا کر اپنی من مرضی کے نرخ وصول کر رہا ہے ۔ کوئی پوچھنے والا نہیں، کیونکہ ہر کاروبار کے پیچھے کوئی نہ کوئی ریٹائرڈ افسر موجود ہوتا ہے ، جس پر ہاتھ ڈالنے سے بیوروکریسی کے ہاتھ کانپنے لگتے ہیں۔