چینی کی شدید قلت برقرار، کئی علاقوں میں شہری لائنوں میں لگ کر خریدنے پر مجبور
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چینی کی دستیابی، قیمتوں پر عملدرآمد اور عوامی ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں،تاہم مختلف علاقوں میں اب بھی چینی کی فروخت شروع نہیں ہو سکی۔۔۔
مرکزی مارکیٹوں میں لوگ لمبی قطاریں بنا کر چینی خریدنے پر مجبور ہیں، ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی خصوصی ہدایت پر گزشتہ روز سرگودہا کی چاروں شوگر ملز کی جانب سے مجموعی طور پر 53 ہزار میٹرک ٹن چینی جاری کی گئی۔ نون شوگر ملز نے 19 ہزار میٹرک ٹن، یونیکول شوگر مل نے 12 ہزار میٹرک ٹن، ایس ڈبلیو شوگر مل نے 12 ہزار میٹرک ٹن جبکہ العربیہ شوگر مل نے 10 ہزار میٹرک ٹن چینی ریلیز کی اور یہ چینی شہر کے 2 سو دکانداروں کو فراہم کی گئی، تمام شوگر ملز پر وافر مقدار میں اسٹاک دستیاب ہے اور روزانہ کی بنیاد پر فراہمی جاری ہے ۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تمام ملز سے چینی 165 روپے فی کلو ایکس مل پرائس پر فراہم کی جا رہی ہے جبکہ شہر اور گردونواح میں 173 روپے فی کلو ریٹیل پرائس پر چینی باآسانی دستیاب ہے ۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ یا خوف کا شکار نہ ہوں، چینی کی دستیابی مکمل طور پر یقینی بنائی گئی ہے ۔ شہری اپنی ضرورت کے مطابق چینی خریدیں، بلا ضرورت ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں تاکہ تمام افراد کو مقررہ نرخوں پر چینی میسر آ سکے ۔