9 اضلاع میں سستے گھروں کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ
سرگودھا(نعیم فیصل سے )حکومت نے پنجاب کے 9 اضلاع جن میں سرگودھا، گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، خوشاب، میانوالی، چکوال، جہلم اور اٹک شامل ہیں میں پنجاب افورڈ ایبل ہاؤسنگ پروگرام کا باضابطہ آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔۔۔
جس کیلئے ملکی و غیر ملکی ماہرین پر مشتمل ٹیم جلد آن سائٹ دورہ کریگی ، ذرائع کے مطابق پنجاب افورڈ ایبل ہاؤسنگ پروگرام (PAHP) ایک ورلڈ بینک فنڈڈ پروگرام ہے جس کا مقصد پنجاب میں سستے گھروں کی فراہمی اور معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے ،یہ پروگرام ریجن کی رہائشی ضروریات کو جامع طور پر حل کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے ، جس میں سستے گھروں کی فراہمی میں نجی شعبے کی شمولیت کوبھی فروغ حاصل ہو گا، اس کے ساتھ ساتھ رہائشی پالیسی اور پروگرامز میں ا ہم کردار ادا کرنے والے ادارے مضبوط ہونگے ،اس منصوبہ سے ہاؤسنگ سیکٹر میں ریگولیٹری اصلاحات کو گہرا کرنے اور انہیں مضبوط نظام کے ذریعے عملی جامہ پہنانے ، موسمیاتی مزاحمت میں بھی مدد ملے گی ، یہ پروگرام اربن یونٹ پنجاب اور فاٹا کے ذریعے پروگرام مینجمنٹ اور ایمپلی منٹیشن یونٹ (PMIU) کے تحت مشترکہ طور پر نافذ کیا جا رہا ہے ،پروگرا م ڈائریکٹر عمران علی سلطان کی جانب سے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو شارٹ لسٹ شدہ زمینوں کی نشاندہی کرنے کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔