یومِ استحصالِ کشمیر پرڈسٹرکٹ کونسل ہال بھکر میں سیمینار
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلع بھر میں کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی اور۔۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے چھ برس مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ کونسل ہال بھکر میں ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبد القدیر، اے ڈی سی جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو، اسسٹنٹ کمشنر مہتاب احمد خان، ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ، شازیہ توصیف، ضلعی افسران، سرکاری اہلکار، طلباء و طالبات، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبو ضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کو ایک ظالمانہ اقدام، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کی پامالی قرار دیا۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ استحصال کشمیر بھارت کی کھلی جارحیت کی علامت ہے ۔ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں پاکستان کا مؤقف غیر متزلزل ہے اور ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آخری حد تک جائیں گے ۔ سیمینار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی قیادت میں ضلع کونسل ہال سے ڈی سی آفس تک ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی ۔