میانوالی میں بھی اینٹی ڈینگی سرگرمیاں زور و شور سے جاری
میانوالی (نامہ نگار )میانوالی میں بھی اینٹی ڈینگی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں اس سلسلہ میں یونیورسٹی آف میانوالی میں آج ڈینگی سے آگہی کا ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔
سیمینار میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر میاں کاشف علی، پروگرام ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈیویلپمنٹ سینٹر ڈاکٹر ملک عزیز الرحمان اور CDCO چوہری محمد ناصر نے بھی شرکت کی۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر پریونٹو سروسز ڈاکٹر میاں کاشف علی نے کہا کہ ڈینگی سے بچنے کا واحد ذریعہ احتیاطی تدابیر ہیں ہمیں چاہیے کہ ہم خود بھی اور دوسروں کو بھی اس سے بچنے کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگہی دیں۔اپنے گھروں میں دفتروں میں اور دوسری کام کرنے والی جگہوں پر پانی کو بالکل بھی جمع نہ ہونے دیں تاکہ نہ پانی جمع ہو اور نہ ڈینگی مچھر کے لاروے کی افزائش ہو سکے اس کے لیے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو اپنی اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے سر انجام دینی چاہیے ۔ آپ لوگ یہاں سے ہمارا یہ پیغام لے کر جائیں اور اس پیغام کو اپنے گھر کے دوسرے افراد، پڑوسیوں اور دیگر رشتہ داروں تک پہنچائیں تاکہ ہمارا معاشرہ ہمارا ضلع اس مرض سے بچا رہے ۔ سیمینار کے اختتام پر ایک ا گاہی واک بھی کی گئی ۔