مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف زیرو ٹالرنس:ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ سرگودھا نے یکم سے 10 اگست 2025 تک پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مہنگائی اور گراں فروشی کے خلاف جاری مہم میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں 58 ہزار 109 انسپکشنز کیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں نرخنامے کی خلاف ورزی، گراں فروشی اور دیگر بے ضابطگیوں پر 8 لاکھ 49 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ 9 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 26 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 4 کاروباری مراکز کو سیل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ اْنہوں نے کہا سرگودھا میں مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے ۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کی جائے ۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی دکان یا بازار میں نرخنامے سے زائد قیمت وصول کیے جانے کی شکایت فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچائیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے ۔