معرکہ حق میں فتح پوری قوم کے اتحاد کا نتیجہ ہے ،اٹارنی جنرل
جوہرآباد (نمائندہ دنیا)اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک عثمان منصور اعوان نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان کی فتح پوری قوم کے اتحاد کا نتیجہ ہے ۔
اس جنگ میں پاکستان نے نہ صرف عددی طور پر کئی گنا بڑے ملک کو شکست دی بلکہ سفارتی اور سیاسی محاذ پر بھی بھارت کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین ضلع کونسل ملک امیر حیدر سنگھا کی طرف سے سنگھا ہاؤس جوہرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ ملک عثمان منصور اعوان نے کہا کہ خوشاب میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں ان کی وزیراعلیٰ پنجاب سے کئی تفصیلی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دور عام تعلیم کا نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کا ہے ، نوجوان عام ڈگریاں لے کر نوکریوں کے لیے مارے مارے پھرتے ہیں، لہٰذا جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے تاکہ نوجوان بیرون ملک بھی بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی دی جائے اور بجٹ میں اس مقصد کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔