100گھوسٹ کارپوریشن ملازمین کا واسا تبادلہ نہ ہو سکا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)میونسپل کارپوریشن سرگودھا کے گھوسٹ گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کرنے والے بااثر ملازمین سمیت100سے زائد ملازمین واسا میں نہ جا سکے۔۔۔
ذرائع کے مطابق ان میں اکثریت ایسے ملازمین کی ہے جنہیں سفارش پر بھرتی کیا گیا تھا جن میں افسران اور یونین کے عہدیداروں کے بیٹے بھائی اور قریبی عزیز ہیں جو آپریٹرز ، سینی ٹیشن برانچ میں بھرتی کروائے گئے تھے ، ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گھوسٹ ملازمین کی پہلے ادوار میں بھی فہرستیں بن چکی ہیں جن کے خلاف ہر مرتبہ ایکشن کے اعلانات ہوئے مگر سیاسی مداخلت کے باعث ان کا بال بھی بیکا نہ ہو سکا اور یہ گھوسٹ ملازمین ادارہ کو نقصان پہنچا رہے ہیں، کارپوریشن میں ایسے ملازمین کی بھی بڑی تعداد موجود ہے جو اپنی سیٹوں پر شاز و نادر ہی نظر آتے ہیں اور دیگر شعبوں میں لوگوں کے کام کروانے کیلئے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں ، جن میں سے بعض کے پاس ڈپلومہ بھی نہیں ہے واسا حکام نے ان ملازمین سمیت سو سے زائد عملہ لینے سے معذرت کر لی ہے ان میں ڈیوٹی دینے والے ملازمین بھی شامل ہیں جنہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واسا نے ہمیں قبول نہیں کیا جس سے ہمارا مستقبل دباؤ پر لگ گیاہے کمشنر سرگودھا ہمارے بارے جلد حتمی فیصلہ کریں یاد رہے کی متعدد سینٹری سپروائزروں کو ڈپلومہ نہ ہونے کے باوجود بھرتی کیا گیا ہے جس پر ایک کشمکش کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے ۔