کریشنگ سیزن سے قبل سڑکیں مرمت،منصوبے مکمل کرنیکا حکم
اجلاس میں خوشاب،بھکر،میانوالی کی جاری و نئی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ،ترقیاتی سکیموں میں معیار کو یقینی بنایا جائے ، ماڈل سڑکیں تعمیر ہونی چاہئیں ،کمشنر کی ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کر یشنگ سیزن کے آغاز کے پیش نظر سڑکوں کی مرمت اور جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ،کمشنر نے احکامات کر دیئے تفصیل کے مطابق کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کے تحت روڈ سیکٹر کی سکیموں پر پیشرفت کا اجلاس کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کی جاری و نئی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ایس ای ہائی وے خوشاب نے بتایا کہ خوشاب میں 25 سکیمیں ہیں جن کا مجموعی تخمینہ 3 ارب 53 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے ۔ ان میں سے 8 سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں، 13 پر کام جاری ہے ۔
ایکسین ہائی ویز میانوالی نے بتایا کہ ضلع میانوالی میں اے ڈی پی کے تحت 7 سکیمیں ہیں، جن میں سے 4 جاری، 2 نئی اور ایک پی ایس ڈی پی کے تحت ہے ۔ ان کا کل تخمینہ 8 ارب 42 کروڑ روپے ہے ۔ایکسین بھکر نے بتایا کہ ضلع بھکر میں اے ڈی پی کی کل 47 سکیمیں شامل ہیں جن میں سے 13 نئی، ایک جاری اور 33 پر کام مختلف مراحل میں ہے ۔ اب تک ایک سکیم مکمل کی جا چکی ہے ۔ تمام سکیموں کا مجموعی تخمینہ 7 ارب 36 کروڑ 90 لاکھ روپے ہے ،کمشنر جہانزیب اعوان نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،اس ریجن میں معیاری اور ماڈل سڑکیں تعمیر ہونی چاہئیں تاکہ عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کریشنگ سیزن کے آغاز کے پیش نظر سڑکوں کی مرمت اور جاری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ فنڈز کے صاف اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔