ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے معیار برقرار رکھنے کا حکم
کمشنر کا شہر کا دورہ،کھیلوں کی سہولیات، پارکس، گرین بیلٹس اور تعمیراتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا، کی خوبصورتی کے منصوبوں میں تیزی لا نے کی ہدایت جاری کر دی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے کھیلوں کی سہولیات، پارکس، گرین بیلٹس اور تعمیراتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں۔ کمشنر نے سر سید سپورٹس کمپلیکس میلہ منڈی گراؤنڈ میں جاری بحالی کے کام کا معا ئنہ کیا۔ افسران نے بتایا کہ تقریباً 12 کروڑ روپے کی لاگت سے کمپلیکس کی اپ گریڈیشن جاری ہے ،باؤنڈری وال بھی تعمیر کی جا چکی ہے جبکہ 31 دسمبر تک تمام کام مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ یہاں انڈور گیمز جیسے بیڈمنٹن ، آرٹ باکسنگ، ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال اور منی ونٹر گیمز کے علاوہ ایک جم بھی قائم کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے غیر فعال میلہ منڈی روڈ پارک کی سائٹ کا بھی دورہ کیا اور اس کی بحالی سے متعلق پلان طلب کیا۔ طارق آباد روڈ پر پی ایچ اے کی تعمیر کی جانے والی گرین بیلٹ کا دورہ کیا۔ خوشاب روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر گملوں، پلانٹیشن اور گرین بیلٹس کی بحالی کے کام کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں میں تیزی لائی جائے ،کمشنر سرگودہا نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی تعمیراتی سائیٹ کا بھی معائنہ کیا۔ کمشنر نے او پی ڈی کا بھی دورہ کیا جہاں عملے نے بتایا کہ 90 مریضوں کو چیک کیا جا چکا ہے اور انہیں فوری ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں۔