واٹر سپلائی کا پائپ طویل عرصہ سے لیک ،پینے کے پانی کی قلت
پھلروان روڈ پر واقع طاہر آباد کالونی کے واٹر سپلائی لائن کی مرمت میں کوتاہی
بھیرہ(نامہ نگار )پھلروان روڈ پر واقع طاہر آباد کالونی میں واٹر سپلائی کا مین پائپ طویل عرصہ سے لیک ہونے کے باعث علاقہ مکین پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ ذرائع کے مطابق واٹر سپلائی ٹینکی سے آنے والی مرکزی لائن کافی مدت سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، جس کی مرمت کے لیے متعدد بار بلدیہ کو اطلاع دی گئی، مگر متعلقہ عملہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث تاحال پائپ لائن درست نہیں کی جا سکی۔اہلِ علاقہ محمد شریف، ذوالفقار احمد، محمد علی، امتیاز حسین اور محمد اسلم نے بتایا کہ پانی کے پریشر کے باعث لیک ہونے والی جگہ پر بڑا گڑھا بن چکا ہے ، جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔ مقامی رہائشیوں نے عارضی طور پر اس مقام پر کانٹے بچھا کر گزرنے والی ٹریفک کو خبردار کرنے کا اہتمام بھی کیا ہے انہوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر سپلائی لائن کی فوری مرمت کرائی جائے تاکہ علاقہ مکینوں کو دوبارہ پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا سکے اور کسی ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا جا سکے ۔