ماڈل ایگری مال کسانوں کیلئے نہایت مفید منصوبہ ہے ،کمشنر
منصوبہ زرعی پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں کردار ادا کرے گاحافظ شوکت علی کا ایگری مال کا دورہ،فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی نے حال ہی میں مکمل ہونے والے ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی زرعی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ 22 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا یہ ماڈل ایگری مال علاقے میں زرعی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے ۔دورے کے موقع پر بتایا گیا کہ ماڈل ایگری مال میں زراعت، لائیو اسٹاک، جدید زرعی مشینری، بیج، کھاد اور دیگر متعلقہ سہولیات کسانوں کو ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کی جا رہی ہیں۔ کمشنر کو ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین اور ایگری مال کے انچارج اسفند قریشی نے مختلف ڈسپلے پوائنٹس اور سہولیات کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ایگری مال کسانوں کے لیے نہایت مفید منصوبہ ہے جو زرعی پیداوار میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ایگری مال کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور اسے کسان دوست اقدام قرار دیا۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن(ر)محمدوسیم ،اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد ،شیخ گوہر رحمان ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اور زراعت آفیسر شوکت حسین بھی ہمراہ تھے ۔