پیپلز پارٹی کا سرگودھا بے نظیر ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کیلئے احتجاج
پیپلز پارٹی کا سرگودھا بے نظیر ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کیلئے احتجاج 2012میں سابق وزیر اعظم نے منصوبے کا اعلان کیا تھا :رہنمائوں کا بیان
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر مملکت و ڈویژنل صدر پیپلزپارٹی تسنیم احمد قریشی، ضلعی صدر ملک حامد نواز اعوان اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ 2012 میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سرگودھا میں بینظیر ٹیچنگ اور شہید ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کا اعلان کیا تھامگر اس وقت کی پنجاب حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے اس منصوبے کو روک دیا اور این او سی دینے سے انکار کیا۔ یہ ہسپتال سرگودھا کے عوام کا حق ہے اور پارٹی ہر فورم پر اس کے قیام کیلئے آواز بلند کریگی۔انہوں نے بتایا کہ سابق گورنر سلمان تاثیر نے ہسپتال کیلئے 5 مر بع زمین بھی مختص کی تھی اور اس میں کارڈیالوجی سنٹر، ٹراما سنٹر، برن یونٹ سمیت تمام طبی سہولیات میسر آنا تھیں۔ اس وقت اس ہسپتال پر 7ارب روپے کی لاگت آ رہی تھی، جبکہ موجودہ منصوبے پر 30 ارب روپے کی لاگت آئیگی۔بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کے تعاون سے بھلوال میں کڈنی سنٹر کے قیام کا فیصلہ کر کے عوام سے محبت کا اظہار کیا ہے ۔ اس موقع پر تسنیم احمد قریشی نے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی جس کے کنوینیر ملک حامد نواز اعوان ہوں گے ، جبکہ دیگر اراکین ضلعی جنرل سیکرٹری، راجہ جمشید خان، میاں جاوید امجد، راجہ قمر اقبال، راجہ عمیر خان اور میاں منیر درد شامل ہیں۔ یہ کمیٹی سرگودھا بے نظیر شہید ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اور چھوٹے ہسپتال کے افتتاح پر اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرائے گی