محکمانہ انکوائریاں سست روی کا شکار، حکومت پنجاب کا ضلعی افسراں کو فوری عملدر آمد کا ٹاسک
سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں متعلقہ محکمانہ انکوائریاں انتہائی سست روی کا شکار ہیں، بیشتر انکوائریاںسرد خانے میں پڑی ہیں ،سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے سیکرٹری ریگولیشن کا اطہار تشویش
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب نے سرگودھا میں محکمہ ریونیو، پولیس، ایجوکیشن، انہار اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی محکمانہ انکوائریوں کے سلسلے میں عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ضلعی افسراں کو ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد تیز کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے سرکاری محکموں کے ملازمین کی انکوائریاں نمٹانے اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کے احکامات جاری کیے تھے ، تاہم پراونشیل مانیٹرنگ سیل کے مطابق سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں متعلقہ محکمانہ انکوائریاں انتہائی سست روی کا شکار ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ بیشتر انکوائریاں، جن میں سنگین بے ضابطگیاں اور دیگر بدعنوانیاں شامل ہیں، اب تک سرد خانے میں پڑی ہیں اور جن افسران و ملازمین کے خلاف یہ انکوائریاں زیر التواء ہیں، ان کی اکثریت اب بھی اہم سیٹوں پر تعینات ہے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے سیکرٹری ریگولیشن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے ضلعی افسراں کو ہدایت کی ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور تفصیلی رپورٹ فوری ارسال کریں۔