پابندی کے باوجود رات بھر پٹاخوں کے دھماکوں کی گونج
پابندی کے باوجود رات بھر پٹاخوں کے دھماکوں کی گونج بزرگوں، مریضوں اور بچوں کو بھی آتشبازی سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا
فاروقہ/سرگودھا (نمائندہ دنیا)فاروقہ میں بچوں اور نوجوانوں نے پٹاخوں پر عائد سرکاری پابندی کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے رات بھر پٹاخے چلا کر قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان لگا دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے تک پٹاخوں کے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں، جس سے نہ صرف شہریوں کا سکون متاثر ہوا بلکہ بزرگوں، مریضوں اور بچوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے پٹاخوں کی خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے ، تاہم اس کے باوجود گزشتہ شب شہر بھر میں پٹاخے آسانی سے دستیاب رہے اور بچوں نے کھلے عام ان کا استعمال کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پٹاخوں کی فروخت پر پابندی نافذ ہے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ پٹاخے شہر میں کہاں سے اور کس کی سرپرستی میں فروخت ہوتے رہے ۔شہری حلقوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پٹاخوں کی غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف پابندی لگانا کافی نہیں، بلکہ اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانا بھی حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔