سیلاب سے مڈھ رانجھا روڈ پر80فٹ گہراشگاف،عارضی مرمت
ہیلتھ سنٹر مڈھ رانجھا کے قریب متاثرسڑک کی تعمیر اور مرمت تاخیر کا شکار دونوں اطرف گہر ی کھائی ،مسافروں کو خطرات،سڑک کی مرمت کا مطالبہ
مڈھ رانجھا (نمائندہ دُنیا)دریائے چناب میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں مڈھ رانجھا کی مین کارپٹ روڈ شدید متاثر ہوئی تھی اور اس کے باعث شہریوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی۔ سیلابی ریلے کے دوران رورل ہیلتھ سنٹر مڈھ رانجھا کے قریب روڈ پر تقریباً 80 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا تھا، جس کے ساتھ ساتھ سڑک کے کنارے واقع پانی والی پل بھی بہہ گئی تھی۔ سیلابی پانی کم ہونے کے بعد انتظامیہ نے عارضی طور پر سڑک ٹریفک کی روانی بحال کرنے کیلئے پل کی جگہ سیمنٹ پائپ ڈال کر مٹی اور پتھروں سے بھر کر روڈ کو عارضی طور پر ٹھیک کیا، لیکن ابھی تک اس کا مستقل حل نہ کیا جا سکا۔علاقہ مکینوں کے مطابق مرمت شدہ جگہ پر دونوں اطراف گہری کھائی موجود ہے جو رات کے وقت سفر کرنے والوں کیلئے سنگین خطرہ بن سکتی ہے ۔ شہریوں نے انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی مکمل اور مستقل مرمت فوری طور پر کرائی جائے ۔