5سے8 فروری تک تمام افسروں ملازمین کی چھٹیاں منسوخ فیلڈ میں رہنے کا حکم
پتنگ بازی کو کنٹرول کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو،گندے پانی کے جوہڑوں کی نشاندہی ، کھلے مین ہولز پر زیروٹالرنس ہے ،کوتاہی پر متعلقہ ادارہ ذمہ دار ہوگا،کارروائی ہوگی ،کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا نے تمام انتظامی و بلدیاتی افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں فیلڈ میں رہنے کے احکامات جاری کر دیئے ، تفصیل کے مطابق کمشنرسرگودہا ڈویژن کے زیر صدارت چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں مختلف انتظامی اداروں کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر سرگودھا نے 5 فروری تا 8 فروری کے دوران چھٹیوں میں تمام انتظامی اداروں کے سربراہان کو فیلڈ میں متحرک رہنے کا حکم دیا انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کے بارے میں زیرو ٹالرنس ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر صاحبان متعلقہ پولیس افسران کے ساتھ مل کر پتنگ بازی کو کنٹرول کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔
انہوں نے واسا اور میونسپل کارپوریشن کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کی کہ مین ہول پر زیرو ٹالرنس ہے ۔اس کے علاوہ جہاں کہیں گندے پانی کے جوھڑ ہیں ان کی نشاندہی کی جائے اور انہیں پر کرنے کے انتظامات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثہ سے بچا جا سکے ۔ تمام ادارے دو دن کے اندر اندر موضع لیول پر سروے کر کے اپنی اپنی رپورٹ جمع کروائیں ان رپورٹس کی روشنی میں کمشنر سرگودھا خود اور متعلقہ ڈی سی صاحبان فیلڈ وزٹ کریں گے اور کسی بھی کوتاہی اور نااہلی کی صورت میں متعلقہ ادارہ ذمہ دار ہوگا اور تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں کمشنر سرگودھا نے رمضان سہولت بازار،رمضان دسترخوان اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی میٹنگ کے بارے میں ضروری ہدایات جاری کیں۔