ڈرون کیمروں اور دوربینوں سے مانیٹرنگ،8پتنگ باز گرفتار
ڈرون کیمروں اور دوربینوں سے مانیٹرنگ،8پتنگ باز گرفتارضلع بھر میں بلند و بالا عمارتوں ، گنجان آباد علاقوں میں جدید ٹیکنالوجی استعمال
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے پولیس کا جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، ضلع بھر میں بلند و بالا عمارتوں اور گنجان آباد علاقوں میں ڈرون کیمروں اور دوربینوں سے پتنگ بازوں کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ،8پتنگ باز پکڑلئے گئے ،ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف کے احکامات کی روشنی میں پولیس کی جانب سے پتنگ بازی کو روکنے کے لیے سرگودھا بھر کی اہم چھتوں اور عمارتوں پر دوربینوں اور ڈرون کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے ۔ اس مہم کا مقصد قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ اور خونی کھیل کا خاتمہ کرنا ہے ۔ ڈرون کیمروں کے ذریعے گنجان آباد علاقوں اور بلند و بالا عمارتوں کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کی نشاندہی کی جا سکے ۔ضلعی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو دوربینوں کی مدد سے مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔پتنگ بازی، دھاتی ڈور کی تیاری اور فروخت میں ملوث افراد کے خلاف جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تھانہ اربن ایریا، تھانہ کوٹمومن،ساجد شہید اور تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی حدود سے 8پتنگ باز پکڑے گئے جبکہ مساجد اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو پتنگ بازی کے نقصانات سے آگاہ کیا جا رہا ہے اور والدین سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک مشغلے سے دور رکھیں۔