9غیر قانونی ہائوسنگ سکیمیں سیل مقدمات درج
بغیرمنظوری ترقیاتی کام اور پلاٹوں کی خرید و فروخت ،نوٹسز نظر انداز ،اشتہاری بورڈز اور بینرز اتروا دئیے ،کھیوٹس بلاک ، مالکان کیساتھ ڈویلپرز کے خلاف بھی کارروائی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 9ہاؤسنگ سکیموں ،ان کے دفاتر کو سیل کرکے مالکان کے ساتھ ساتھ ڈویلپرز کے خلاف بھی مقدمات در ج کروا دیئے گئے ، تفصیل کے مطابق انتظامیہ کے علم میں آیا کہ باجوہ ٹاؤ ن79شمالی ،عاقل شاہ ،مٹھہ لک ،نہنگ،فروکہ، مٹھہ معصوم،46شمالی ،کوٹمومن ،99 جنوبی میں منظوری حاصل کئے بغیر ترقیاتی کام اور پلاٹوں کی خرید و فروخت شروع کر کے شہریوں کو سہولیات کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا ہے ، مالکا ن کو قبل ازیں متعدد مرتبہ نوٹسز بھی جاری کئے گئے مگر اس کے باوجود وہ قانون شکنی سے باز نہیں آئے اور نہ ہی ہاؤسنگ سکیموں کو قوائد و ضوابط مطابق منظور کروایا ،یہی نہیں دوران چیکنگ ہاؤسنگ سکیموں میں سیوریج لائنوں اور مین ہولز کی کھدائیاں کر کے جگہ جگہ گہرے گڑھے پائے گئے جہاں کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہیں تھے جس کی وجہ سے کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کا بھی خدشہ ہے ، جس پر ہائوسنگ سکیموں اور ان کے دفاتر کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف مقامات پر لگے ان کے ایڈورٹائزمنٹ کے بورڈز و بینرز وغیرہ اتروادیئے اور محکمہ مال کے ذریعے ان ہاؤسنگ سکیموں کے متعلقہ کھیوٹس بلاک کر واکر مالکان اور ڈویلپرزجن میں رؤف احمد ،فاروق باجوہ ،غلام مرتضیٰ،محمد ارشد ، محمد اختر ، محمد اعجاز، محمد عمران ،نصرت عباس،محمد اشرف ،ملک برخوردار،اسلم حیات، احمد شہزاد، علی باجوہ ،عامر شہزاد،فہیم اسد، زاہد حسین شامل ہیں کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے گئے ۔