بھکر میں ارکان اسمبلی کا اجلاس ، سانحہ اسلام آباد پر اظہار افسوس

بھکر میں ارکان اسمبلی کا اجلاس ، سانحہ اسلام آباد پر اظہار افسوس

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر اشتراکِ عمل جیسے اہم امور پر گفتگو دہشت گردی جیسے ناسور کے قلع قمع کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے،ارکان

بھکر(ڈسٹرکٹ ) ڈپٹی کمشنراحسان علی جمالی کی زیرِ صدارت ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے جائزہ کے لیے ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزاد رفیق اعوان بھی موجود تھے جبکہ معزز اراکینِ امن کمیٹی نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع میں قیامِ امن،باہمی یگانگت، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر اشتراکِ عمل جیسے اہم امور پر سیرحاصل گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع میں پائیدار امن کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے معزز اراکین ہمیشہ انتظامیہ کے دست و بازو ثابت ہوئے ہیں اور انہیں یقینِ کامل ہے کہ وہ آئندہ بھی قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہوئے امن و استحکام کے فروغ میں فعال کردار ادا کرتے رہیں گے ۔اجلاس میں سانحہ اسلام آباد واقعہ کی مذمت کی گئی اور اس دوران قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔اس موقع پر اراکینِ امن کمیٹی نے اس امر کا اعادہ کیا کہ وہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتے ہیں اور دہشتگردی جیسے ناسور کے قلع قمع کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔

 

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع بھکر میں تمام مکاتبِ فکر کے مابین مثالی ہم آہنگی اور باہمی احترام کی فضا قائم ہیجسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز،اشتعال انگیز اورملک دشمن پروپیگنڈا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور کسی کو بھی امن عامہ میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اجلاس کے دوران ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے ضلع بھر کی عبادت گاہوں کیلئے کئے جانیوالے فول سیکیورٹی انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ان کا کہنا تھا کہ ماہِ رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے جامع اور مربوط سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے گا تاکہ شہری اطمینان و سکون کے ساتھ اپنی عبادات سرانجام دے سکیں۔اجلاس کے اختتام پر ضلع میں امن، بھائی چارے ، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا گیا#

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں