بھکر 200جوڑوں کی اجتما عی شادی پرسوں ہوگی
بھکر 200جوڑوں کی اجتما عی شادی پرسوں ہوگیدھی رانی پروگرام کے تحت حکومت پنجاب کی جانب سے چیک دئیے جائینگے
بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ارشد وٹو کی زیرِ صدارت دھی رانی پروگرام کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مشتاق حسین سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران 16 فروری کو مقامی شادی ہال میں منعقد ہونے والی اجتماعی شادی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ پروگرام وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی کاوشوں کا حصہ ہے جس کے تحت ضلع بھر کے 200مستحق جوڑوں کو رشتۂ ازدواج میں منسلک کیا جائیگا۔مزید برآں حکومت پنجاب کی جانب سے ہر جوڑے کو مالی معاونت کے چیک بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز باوقار انداز میں کر سکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی امور میں کسی قسم کی غفلت یا بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں اور تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ تقریب احسن انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچے ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق دھی رانی پروگرام کو منظم، باوقار اور یادگار انداز میں منعقد کیا جائے گا تاکہ مستحق خاندانوں کو حقیقی معنوں میں سہارا اور خوشیوں کا پیغام مل سکے ۔