مضر صحت اور لاغر جانوروں کے گوشت کی سرعام فروخت
محکمہ لائیو سٹاک کا فیلڈ عملہ اس جانب توجہ ہی نہیں کر رہا، نجی مذبحہ خانوں میں انتہائی لاغر اور بیمار جانور دوردراز علاقوں سے انتہائی سستے داموں خرید کر ذبح کئے جاتے مضر صحت گوشت دیگر علاقوں میں وسیع پیمانے پرراولپنڈی، اسلام آباد سمیت سرگودھا سے ملحقہ اضلاع میں بھی سپلائی کیا جا رہا ،عوام میں مختلف بیماریاں پھیل رہی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزارت داخلہ کی ہدایت پر سرویلنس ٹیم کی جانب سے سرگودھا میں صحت مند گوشت کی فروخت اور دیگر شہروں میں سپلائی کے حوالے سے چیک اینڈ بیلنس کی صورتحال مخدوش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سول ایڈمنسٹریشن کو ارسال کر دہ اپنی رپورٹ میں آگاہ کیا ہے کہ سخت احکامات کے باوجود چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کی وجہ سے شہریوں کو مضر صحت اور لا غر جانوروں کے گوشت کی سرعام اور زائد نرخوں پر فروخت بدستور جاری ہے ،محکمہ لائیو سٹاک کا فیلڈ عملہ اس جانب توجہ ہی نہیں کر رہا، جس کے باعث نجی مذبحہ خانوں میں انتہائی لاغر اور بیمار جانور دوردراز علاقوں سے انتہائی سستے داموں خرید کر زبحہ کئے جاتے ہیں ،اور مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے ، اس ضمن میں مختلف علاقوں کی نشاندہی اور مافیا کے ملوث افراد کے کوائف کی تفصیلات کیساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ یہاں سے مبینہ طور پر مضر صحت گوشت دیگر علاقوں میں وسیع پیمانے پرراولپنڈی، اسلام آباد سمیت سرگودھا سے ملحقہ اضلاع میں بھی سپلائی کیا جا رہا ہے ،جس کے استعمال کے باعث عوام میں مختلف بیماریاں پھیل رہی ہے۔جن کا سد باب کیا جانا انتہائی ضروری اور فوری اقدامات کا متقاضی ہے ۔