محتسب کا دفتر بغیر کسی فیس شکایات کا ازالہ کر رہا ، الیاس گل

محتسب کا دفتر بغیر کسی فیس شکایات کا ازالہ کر رہا ، الیاس گل

اب عوام کو انکی دہلیز پر یہ خدمات فراہم کرنے کیلئے باقاعدہ وین سروس کا آغاز کیا گیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ایڈوائزر محتسب پنجاب محمد الیاس گل نے کہا ہے کہ محتسب کا دفتر وہ واحد ادارہ ہے جو بغیر کسی فیس اور وکیل کے عوام کی شکایات کا ازالہ کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ محتسب پنجاب محترمہ عائشہ حمید کے حکم پر اب عوام کو ان کی دہلیز پر یہ خدمات فراہم کرنے کے لیے باقاعدہ وین سروس کا اغاز کیا گیا ہے ۔ جس نے اب تک 5 ہزار شکایات موصول کی ہیں اور ان کا ازالہ تیزی سے کیا جا رہا ہے ۔ وہ آج یہاں اپنے ادارہ کے زیر اہتمام منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ سیمینار میں کنسلٹنٹ محتسب پنجاب چوہدری ممتاز احمد دیو، وفاقی محتسب کے ایڈوائزر خواجہ سیف الرحمن ، چوہدری محمد نواز،ڈی آئی جی جیل خانہ سرگودھا ریجن سعید اﷲ گوندل، ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا ڈویژن نعیم ملک، دیگر افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

محمد الیاس گل نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری محکموں سے متعلقہ کسی بھی قسم کی شکایت کے ازالہ کے لیے صوبائی محتسب کے دفاتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے البتہ جو کیس عدالتوں میں زیر سماعت ہوں وہ محتسب پنجاب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے ۔ چوہدری ممتازاحمد دیو نے کہا کہ سیمینار کے شرکا ہمارے سفیر بنیں اور ہماری آواز عام لوگوں تک پہنچائیں۔ تاکہ وہ سرکاری محکموں سے متعلقہ اپنی شکایات کے ازالہ کے لیے بلا روک ٹوک رابطہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہر درخواست پر 45 سے لے کر 90 دن کے اندر لازمی فیصلہ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی درخواست پر جاری سماعت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات لینے کے لیے عوام صوبائی محتسب کی ہیلپ لائن 1050 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں